لورالائی 17 فروری:لورالائی یونیورسٹی میں وزیر اعظم پاکستان یوتھ لیپ ٹاپس سکیم کے اجرا کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ تھے، جبکہ ان کے ہمراہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس لورالائی رینج جنید احمد شیخ، ڈپٹی کمشنر لورالائی میران بلوچ، ایس ایس پی لورالائی ملک محمد اصغر اور لورالائی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر انجینئر احسان اللہ کاکڑ بھی موجود تھے۔ تقریب میں یونیورسٹی کے اساتذہ، ڈاکٹرز، پروفیسرز اور طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ وزیر اعظم یوتھ لیپ ٹاپس سکیم سے مستفید ہو کر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھاریں اور لیپ ٹاپس کو مثبت اور تعلیمی مقاصد کے لیے استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سکیم نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے اور انہیں تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے بہترین مواقع فراہم کرتی ہے، لہٰذا طلباء صرف تفریح کے بجائے تحقیق، آن لائن تعلیم اور ہنر سیکھنے پر توجہ دیں تاکہ ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
تقریب کے اختتام پر مہمانانِ گرامی نے وزیر اعظم یوتھ لیپ ٹاپس سکیم کے تحت منتخب طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کیے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔