تربت۔ 17 فروری 2026: یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ پولیٹیکل سائنس کے پانچویں سمسٹر کے طلبہ وطالبات نے اپنے مطالعاتی دورے کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس تربت کا دورہ کیا، جہاں انہیں ضلعی انتظامیہ کیچ کے امور اور عملی سیاست کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)اسداللہ بلوچ نے خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں طلبہ وطالبات سے تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے سیاسیات کے عملی تقاضوں، ضلعی انتظامیہ کے کردار اور عوامی خدمت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنی تعلیم کو عملی زندگی سے جوڑ کر ملک و قوم کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔
بعد ازاں پی اے ٹو ڈی سی شیر جان بلوچ اور سپرنٹنڈنٹ حضور بخش بلوچ کے ہمراہ طلبہ وطالبات نے ڈی سی آفس کی مختلف برانچز کا تفصیلی دورہ کیا۔ دریں اثنائ ہر برانچ کے انچارج نے اپنے اپنے شعبے کے فرائض، دفتری نظام اور عوامی مسائل کے حل کے طریقہ کار پر جامع بریفنگ دی،
جس سے طلبہ وطالبات کو عملی سرکاری امور کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا۔اس موقع پر طلبہ وطالبات نے اس مطالعاتی دورے کو نہایت مفید اور معلوماتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں کتابی علم کے ساتھ ساتھ عملی مشاہدے کا قیمتی تجربہ حاصل ہوا ہے۔