اسلام آباد: رمضان المبارک کی آمد سے قبل بڑی پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے اعلان کیا ہے کہ فلکیاتی حسابات کے مطابق رمضان 1447 ہجری کا آغاز جمعرات 19 فروری 2026 سے ہونے کا قوی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان کا چاند 18 فروری 2026 کی شام نظر آنے کی توقع ہے، جب کہ 29 شعبان 1447 ہجری بروز بدھ رویت کے امکانات روشن ہیں۔
فلکیاتی ماہرین کے مطابق نئے چاند کی پیدائش 17 فروری کو شام 5 بج کر 1 منٹ پر ہوگی، اور اگلے روز غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر 25 گھنٹے 48 منٹ سے زائد ہو چکی ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان تقریباً 59 منٹ کا فرق ہوگا، جس کے باعث چاند آنکھ سے باآسانی دیکھا جا سکے گا۔ ملک کے بیشتر حصوں میں موسم صاف یا جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے، جو رویتِ ہلال کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گی۔
حتمی اعلان البتہ مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کی شہادتوں اور اجلاس کے بعد کیا جائے گا، تاہم فلکیاتی اشارے رمضان کی آمد کی نوید سنا رہے ہیں۔