ڈاکٹر سٹیسی گروسمین بلوم کی تین بیٹیاں ہیں۔ وہ نیویارک کے این وائی یو لینگون میڈیکل سینٹر میں نیورو سائنٹسٹ (علم الاعصاب کی ماہر) ہیں۔
ڈاکٹر سٹیسی اس سال کے بی بی سی کے ’100 خواتین کے چیلنج‘ میں کہتی ہیں کہ انھیں اپنی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ نیورو سائنس خود اعتمادی بڑھانے میں جادوئی کردار ادا کر سکتی ہے۔ ان کا مندرجہ ذیل مضمون اسی موضوع پر ہے۔
100 ویمن: روایات تبدیل کرنے کے لیے آپ کے خیالات
بہت سی خواتین پُراعتماد ہونا چاہتی ہیں لیکن انھیں معلوم نہیں کہ اعتماد کیسے حاصل ہو سکتا ہے۔ پھر بھی کامیابی کے لیے ہمیں اپنی صلاحتییوں اور اقدار کو تسلیم کرنے اور خود اپنی ذات کے احترام کی ضرورت ہے۔ اس کے بغیر خواتین کو ترقی ملنے، میٹنگوں میں بات کرنے اور قیادت کے منصب تک پہنچنے کے امکانات کم ہیں۔
کئی تحقیقوں سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ اگر کمپنیوں میں خواتین کو بااختیار عہدے ملتے ہیں تو وہ کمپنیاں کسی حد تک زیادہ منافع بخش ہوتی ہیں۔ خواتین کی وجہ سے مل جل کر کام کرنے کا ماحول پیدا ہوتا ہے اور مسائل کے حل کے زیادہ امکانات سامنے آتے ہیں۔
اور تھوڑی مشق کرتے ہوئے اور نیورو سائنس کو استعمال کر کے ہم زیادہ بااعتماد ہو سکتے ہیں۔
100 ویمن کیا ہے؟
بی بی سی 100 ویمن ہر سال پوری دنیا سے 100 بااثر اور متاثرکن خواتین کے نام شائع کرتی ہے۔ 2017 میں ہم ان سے پوچھتے ہیں کہ وہ بتائیں کہ آج کی عورت کو درپیش چار بڑے مسائل سے کیسے نمٹا جائے جن میں روایات، خواتین میں شرحِ ناخواندگی، عوامی مقامات پر ہراساں کیے جانا اور کھیلوں میں تعصب شامل ہیں۔
آپ کی مدد سے وہ حقیقی زندگی میں ان مسائل کے حل کے لیے کام کریں گی اور ہم چاہتے ہیں کہ آپ اس کام میں اپنے خیالات کے ساتھ شامل ہوں۔ آپ فیس بک، انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر بھی ہمارے ساتھ بحث میں حصہ لے سکتے ہیں۔
مثبت سوچیے
خود اعتمادی حاصل کرنے کے لیے پہلا قدم: اپنے بارے میں مثبت سوچنا!
ہم جانتے ہیں کہ خود اعتمادی ہماری شخصیت کے دیگر پہلوؤں کی طرح ذہن میں بستی ہے۔ ذہن کا ایک بڑا حصہ پہلے سے ہی متعین ہوتا ہے مگر ہمارے تجربات اور انتخاب ہمیں مسلسل تبدیل کرتے رہتے ہیں۔
ذہن کے خلیوں اور سرکٹس کے درمیان پیچیدہ لیکن موثر رابطوں میں تبدیلی سے ہم اپنی زندگی میں نیا علم اور صلاحیتیں حاصل کرتے ہیں۔ ہم نیورو سائنس کو استعمال کر کے اپنے اندر کی منفی آوازوں کو خاموش کر کے اپنا اعتماد بڑھا سکتے ہیں۔ یہ حکمتِ عملی ذہن کے اہم ترین حصوں کو بروئے کار لا کر کامیاب ہوتی ہے۔
جب ہم اپنے بارے میں مثبت انداز سے سوچتے ہیں تو اپنے ذہن کے اُن حصوں کو متحرک کرنے کے قابل ہو جاتے ہیں جو ہمیں حوصلہ اور خوشی دیتے ہیں۔ اس اعصابی تحریک سے ایک فائدہ یہ ہوتا ہے کہ جب ہم پر اعتماد ہوتے ہیں تو ہم واقعی اچھا محسوس کرتے ہیں اور ہمارا سر بلند ہو جاتا ہے۔
تصویر کے کاپی رائٹDR. STACIE G BLOOM
یہ احساس ایک فرد سے دوسرے تک منتقل ہوتا ہے اور ہمارے ارد گرد لوگوں کو ہمارے قریب لانے میں مدد دیتا ہے، خواہ وہ ہمارے ساتھ کام کرنے والے ہوں یا دوست۔ ایک دوسرے کی مدد کا احساس جو اعتماد کے نتیجے میں ہم میں پیدا ہوتے ہیں، ہمارے ذہن میں مزید سرگرمی کا باعث بنتا ہے۔
پہلا مرحلہ یہ ہے کہ ان مشکلات کو پیچھے دھکیلا جائے جو ہمارے راستے میں حائل ہوتی ہیں اور ایسا ہم حالات کو سمجھ کر اور بااعتماد ہو کر کر سکتے ہیں۔
یہ پیچیدہ فیصلہ کئی مراحل میں ہوتا ہے اور یہ ہمارے جذبات کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کر کے ذہن کے بہت سے دوسرے حصوں کے ساتھ ربط میں آ جاتا ہے۔
اپنے ذہن کو استعمال کریں
جب ہم بااعتماد ہونے کا فیصلہ کر لیتے ہیں تو ہمیں اپنے ذہن کو اس کے لیے تیار کرنا پڑتا ہے۔
تصویر کے کاپی رائٹDR. GYORGY BUZSAKI, NYU NEUROSCIENCE INSTITUTE
کسی بھی دوسری صلاحیت کی طرح اپنے بارے میں اعتماد بار بار اپنے آپ کو یقین دلانے اور محنت سے حاصل ہوتا ہے۔ جب بھی ہم کوئی نیا کام کرتے ہیں یا نئی بات سیکھتے ہیں تو ہمارا ذہن اس نئے ہنر کو یا تھوڑے سے علم کو محفوظ کرنے کے لیے تھوڑی بہت تبدیلی لاتا ہے۔
یہ اس لیے ہوتا ہے کہ دماغ کے اکثر حصے ملائم اور لچک دار ہوتے ہیں، انھیں تبدیل کیا جا سکتا ہے، مستحکم کیا جا سکتا ہے اور یہ نئے بھی بن سکتے ہیں تاکہ جو کچھ ہم نے حاصل کیا ہے اسے محفوظ کیا جا سکے۔
تصویر کے کاپی رائٹDR PAUL GLIMCHER AND IFAT LEVY
سائنسی نقطۂ نگاہ سے دیکھیں تو خواتین ماحول اور ابتدائی زندگی میں ملنے والی توجہ، دونوں ہی کو قصور وار ٹھہرا سکتی ہیں کیونکہ اس ضمن میں مردوں کے مقابلے میں ان کے ساتھ زیادتی ہوتی ہے۔
یہ ایک حقیقیت ہے کہ خواتین مردوں کے برعکس مختلف ہارمون خارج کرتی ہیں جس کی وجہ سے ہمارا ردِ عمل ارد گرد کی ایک جیسی دنیا میں مختلف ہوتا ہے۔
خواتین میں دوسروں کو خوش کرنے کی خواہش ہوتی ہے، ان میں قبولیت اور شمولیت اور تنازعات سے بچنے کی بھی خواہش ہوتی ہے۔ جس طرح ہم خواتین ذہنی دباؤ کے حالات میں ردِ عمل ظاہر کرتی ہیں وہ بھی مختلف ہوتا ہے۔
مرد دباؤ میں زیادہ خطرہ مول لے سکتے ہیں لیکن خواتین یقینی کامیابی کی طرف دیکھتی ہیں اور دباؤ پر کنٹرول کے لیے دوسروں سے رابطے استوار کرتی ہیں۔
لڑکے اور لڑکیاں
جوں جوں ہم بڑے ہوتے ہیں تو لازمی نہیں کہ نوجوان خواتین کو خوداعتمادی کے حصول میں مدد ملے۔ لیکن اگر ہم ایسا کریں تو ہمیں نخریلی، مغرور وغیرہ کہہ کر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ لیکن ان لفظوں کو کبھی مردوں سے نہیں جوڑا جاتا۔
یہ ظاہر کرنے کے لیے کہ ہم حکمتِ عملی پر مبنی تجزیے نہیں کرتیں بلکہ بغیر سوچے سمجھے فیصلے کرتی ہیں، ہم ‘خواتین کو ہونے والے الہام’ جیسے مضر جملے سنتی ہیں، حالانکہ کئی مطالعوں میں ظاہر ہوا ہے کہ جہاں تک ڈیٹا سے کام لینے کا تعلق ہے مردوں اور خواتین میں فرق نہیں ہے۔
ہماری ظاہری شکل و صورت پر نہ ختم ہونے والی توجہ ہمارے امیج کو بری طرح متاثر کرتی ہے اور ہم میں سے بہت سوں کے لیے وقت کے ساتھ ساتھ صورتِ حال خراب ہوتی جاتی ہے۔
یہ بات دستاویزی سند رکھتی ہے کہ ہم جس طرح اپنی لڑکیوں اور خواتین کی پرورش کرتے ہیں اس کا خود ان کے اپنے بارے میں تصور اور صلاحیتوں پر دیرپا اثر پڑتا ہے۔ منفی پیغامات ذات کے بارے میں شک پیدا کرتے ہیں جس کے نتیجے میں ہم خود کو کم تر سمجھنے لگتی ہیں۔
اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ ہم میں نہ صرف ذہنی کمتری اور خود کو دھوکہ دیتے رہنے کا احساس پیدا ہو جاتا ہے بلکہ غلطیاں کرنے کا خوف اور یہ شک کہ ہم ٹھیک کام نہیں کر رہیں، بڑھ جاتا ہے۔ ساتھ ہی تکمیل کی ناقابلِ حصول تلاش شروع ہو جاتی ہے۔ اور جب ہم یہ فیصلہ کرتی ہیں کہ ہمیں با اعتماد ہونا ہے تو ہم اس سب کو پیچھے چھوڑ دیتی ہیں۔
بار بار مشق
اس سے فرق نہیں پڑتا کہ آغاز میں آپ ذاتی تسلی کی کس سطح پر ہیں۔ پُر اعتماد رہنے کے لیے بار بار مشق پر آپ جتنا وقت صرف کریں گی اتنی ہی تیزی سے آپ کا ذہن بدلے گا اور اسی رفتار سے آپ اس پر قابو پا سکیں گی۔
ابتدا میں یہ اہم ہے کہ ہم ایسے حالات اور لوگوں سے پرے رہیں جن کی وجہ سے ہم خود کو برا محسوس کرتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اعتماد حوصلہ افزائی والے ماحول میں پیدا ہوتا ہے۔ ماحول میں لوگ شامل ہوتے ہیں اور ساتھ ساتھ ہمارا گرد و نواح بھی اور وہ بھی جس پر ہماری توجہ مرکوز ہوتی ہے۔
اختیار دینے والی چیزوں پر توجہ دینا فائدہ مند ہوتا ہے اور ایسے تصورات اور مواد سے بچ کے نکلنا بھی جو ہمارے اپنے بارے میں خرابی یا برائی کا احساس دلاتا ہے۔
ہم جس طرح اپنے آپ کو لے کر چلتے ہیں وہ بھی ایک اہم چیز ہے۔
ذہن میں کسی صورتِ حال کا تصور بھی مدد کر سکتا ہے، جیسے یہ تصور کرنا کہ آپ دوڑ جیت گئے ہیں، یا آپ نے تقریر کی ہے جسے بہت پذیرائی ملی ہے، کام میں مہارت، ڈگری کا حصول، ان سب کا تصور اعتماد سازی میں مدد گار ہو سکتا ہے۔ جیسے کوئی کوچ مقابلے سے پہلے ٹیم سے حوصلہ افزا باتیں کرتا ہے، ہم بھی اپنا اعتماد بڑھا سکتی ہیں۔
یہ مشقیں خاص طور پر ہماری مجموعی صحت پر اچھا اثر ڈالتی ہیں اور دباؤ اور ڈیپریشن کو روکنے میں مددگار ہوتی ہیں۔ ان سے ذہنی اور جسمانی صحت کو جِلا ملتی ہے۔
جب ہم بااعمتاد ہوتے ہیں تو ہم اپنے ذہن کو اور اپنے آپ کو تبدیل کر رہے ہوتے ہیں اور شاید دنیا کو بھی۔
Thanks to BBC Urdu