کراچی سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ نیب کرپٹ ادارہ ہے اسے ختم کئے بغیر حکومت نہ ہی ملک چل سکتا ہے۔ مرکزی رہنما ن لیگ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تین جمہوری حکومتیں گزرنے کے باوجود نیب قائم ہے، نیب ملک کا سب سے کرپٹ ادارہ ہے، اس ادارے کو ختم کریں ورنہ پاکستان کی حکومت نہیں چلےگی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے اہلکار اختیارات کے استعمال سے گھبراتے ہیں، آج جو بدحالی ہے اس کی وجہ یہ نیب کا ادارہ ہے، آج لوگ سوال کررہے ہیں کہ ملک کے حالات ایسےکیوں ہیں، جو ظلم نیب نے کیا اس کے حقائق بھی عوام کے سامنے آئیں، نیب صرف سیاسی انتقام کےلیے بنایا گیا تھا، سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کو ان سوالات کا جواب دینا پڑے گا۔
شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ میں 23 سال سے نیب کو سمجھتا ہوں، ملک کے سیاستدان اور صنعتکار نیب کی عدالتوں میں چکر لگا رہے ہیں، نیب کو ملکی سیاست پرقبضے کے لیے بنایا گیا، جاوید اقبال کا احتساب ہونے تک معاملات آگے نہیں چل سکتے۔پارٹی سے ناراضی کے سوال پر لیگی رہنما نے کہا کہ 31 سال پارٹی میں بغیر عہدے کے کام کیا ہے، (ن) لیگ سے کوئی معاملات نہیں، نواز شریف میرے لیڈر ہیں، (ن) لیگ کے بعد سیدھا گھر جاؤں گا۔سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ جس اسٹیج پر ملک کے حالات پہنچے ہیں ہم سب اس کے ذمے دار ہیں، جو نئی لیڈر شپ آئے اسےکام کا موقع دینا چاہیے۔