بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان نئی فلم میں ٹرپل رول کریں گے اور اس فلم میں ایک دو نئی بلکہ 10 اداکاراؤں کو کاسٹ کیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بات جب سلمان کی جائے تو ان کی ہر فلم میں مداحوں کو کچھ منفرد دیکھنے کی امید ہوتی ہے، اسی کے چلتے اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ بالی وڈ کے بھائی جان 2005 کی مشہور فلم ‘No Entry’ کے سیکوئل No Entry Mein Entry میں ٹرپل رول نبھائیں گے۔
اس کے علاوہ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس فلم میں 10 اداکارائیں بھی کاسٹ کی جائیں گی۔
رپورٹس کے مطابق 10 اداکاراؤں کو کاسٹ کرنے کا مقصد یہ ہے کہ فلم نو انٹری میں سلمان خان کے ہمراہ مرکزی کردار نبھانے والے فردین خان اور انیل کپور بھی اس سیکوئل میں ٹرپل رول کرتے نظر آئیں گے۔
2012 میں نو انٹری کے سیکوئل کی تصدیق ہوگئی تھی تاہم اب پروڈیوسرز کی جانب سے فلم کی کاسٹ اور شوٹ کے بارے میں پیشرفت سامنے آئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خیال کیا جارہا ہے کہ 2005 میں ریلیز ہونے والی نو انٹری کی مرکزی اداکارائیں بپاشا باسو، لارا دتہ، ایشا دیول اور سیلینا جیٹلی اس سیکوئل میں مداحوں کو اداکاری کرتی نظر نہیں آئیں گی۔
انڈیا ٹوڈے کے ساتھ خصوصی بات چیت کے دوران فلم کے ہدایت کار انیس بزمی نے انکشاف کیا کہ نو انٹری کے سیکوئل کی شوٹنگ جلد شروع کی جائے گی۔