ہائی کورٹ بلوچستان کے حکم اورکمشنر کوئٹہ ڈویڑن حمزہ شفقات کی ہدایت پر شہر میں غیر قانونی اور دونمبر رکشوں کے خلاف کارروائی جاری ہے اس سلسلے میں گزشتہ روزسیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ ڈویڑن وحید شریف عمرانی اور ایس پی ٹریفک سریاب سرکل عامر پیٹر کی نگرانی میں سریاب روڈ منیرمنیگل چوک پر کارروائی کرتے ہوئے 08غیر قانونی رکشے پکڑ کر بند کئے جبکہ کاغذات نہ رکھنے، کم عمر اور بغیر ڈرائیونگ لائسنس رکشہ چلانے پر 31 ڈرائیوروں کو چالان بھی کیے گئے۔
اس کارروائی کے دوران سپرٹنڈنٹ آر ٹی اے حمید اللہ محمد حسنی آر ٹی اے کوئٹہ عملے اورٹریفک پولیس بھی موجود تھی۔اس موقع پر سیکرٹری آر ٹی اے کوئٹہ وحید شریف عمرانی کا کہنا ہے کہ شہر میں غیر قانونی اور دونمبر رکشوں کے خلاف ٹریفک پولیس کی مدد سے روزانہ کی بنیاد پر اچانک کارروائی جاری ہے تاکہ شہر میں ٹریفک کے مسائل ،رش میں کمی اور غیر قانونی رکشوں سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ غیرقانونی رکشوں کو ڈسٹرکٹ پولیس اور ٹریفک پولیس کی مدد سے نشاندہی اور پکڑے جارہے ہیں۔جس سے شہر میں غیر قانونی اور دو نمبر رکشے نواحی علاقوں میں چل رہے ہیں اس سلسلے میں پولیس کی نشاندھی سے مختلف نواحی علاقوں میں بھی چھاپے مارے جارہے ہیں انہوں نے رکشہ مالکان اورڈرائیوروں کو سختی ہدایت کی کہ وہ رکشے کے اصل کاغذات ،پرمٹ اور ڈرائیونگ لائسنس ہمراہ رکھیں تاکہ دوران چیکنگ عملے کو پیش کیا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ رکشہ ڈرائیور حکومتی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر خلاف ورزی پر رکشہ بند اور بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ غیر قانونی اور دونمبر رکشوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائےگی