آج بھی جمہوریت دنیا میں جغرافیائی حدود کے باوجود عالمی سطح پر سب سے زیادہ قبول شدہ اور ترجیحی نظام حکومت ہے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل

کوئٹہ 18 ستمبر: گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل کا کہنا ہے کہ آج بھی جمہوریت دنیا میں جغرافیائی اور قومی حدود کے باوجود عالمی سطح پر سب سے زیادہ قبول شدہ اور ترجیحی نظام حکومت ہے. جمہوریت کا تصور دراصل عوام کے حقوق و اختیارات کی پاسداری کے تصور میں پیوست ہے.

 

جمہور کی جمہوریت میں ہی تمام شہریوں کی فعال شرکت، بنیادی حقوق کے تحفظ، آزادی اظہار اور سماجی انصاف کی پاسداری کو آولیت حاصل ہے لہٰذا یہ جاننا ضروری ہے کہ جمہوری نظام کو مضبوط بنا کر اور معاشرے کی عظیم اکثریت کی شمولیت کو فروغ دے کر ہم مقامی سطح پر لوگوں کے مسائل کو زیادہ موثر طریقے سے حل کر سکتے ہیں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مشاہدہ سے یہ بات ثابت ہے کہ کثیر القومی ریاستوں اور کثیر الطبقاتی معاشروں میں جمہوریت اپنی امتیازی خصوصیات کی وجہ سے مساوی مواقع اور سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے نسبتاً بہتر نظام تصور کیا جاتا ہے.

 

یہ بھی پڑھیں
1 of 8,896

انہوں نے واضح کر دیا کہ جمہوریت کو مضبوط بنانے کیلئے اپنے رویوں کو جمہوری بنانا، عملی زندگی میں جمہوری طرز عمل کو اپنانا اور اختلاف رائے کا احترام کرنا لازمی ہے کیونکہ اپنے قول و فعل کو جمہوری بنانا ایک صحت مند اور تہذیب یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے۔ ایسا کرنے سے، ہم اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ہر کسی کی آواز سنی جائے، دوسروں سے انصاف مانگنے کے ساتھ ساتھ اپنے ماتحت کو انصاف فراہم بھی کیا جائے اور اجتماعی سطح ہر کسی کو فیصلہ سازی کے عمل میں حصہ لینے کا مساوی موقع ملے. آئیے ہم سب ملکر ایک صحت مند اور استحصال سے پاک معاشرہ کی تشکیل کیلئے متحد ہو جائیں جہاں ہر کسی کو آگے بڑھنے اور اپنی ذات کا اظہار کرنے کے یکساں مواقع اور سہولیات میسر ہوں.

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.