پاکستان تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی برطرفی کے لئے سپریم جوڈیشل کونسل میں دوبارہ ریفرنس دائر کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف نے سپریم جوڈیشل کونسل میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی برطرفی کے لئے ریفرنس دائر کردیا ہے۔
ریفرنس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر جانبدار ہیں، سپریم جوڈیشل کونسل سے استدعا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے۔
اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر اعجاز چوہدری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا ہے، چیف الیکشن کمشنر آئین کے تحت حلف لیتا ہے لیکن دنیا نے دیکھا کہ موجودہ چيف الیکشن کمشنر آئین کی خلاف کر رہا ہے، چیف الیکشن کمشنر کا فارن فنڈنگ کیس میں عمل جانب دارانہ ہے، ریفرنس میں لیکڈ آڈیو کا ذکر کیا گیا ہے۔
اعجاز چوہدری نے کہا کہ قاسم سوری نے پی ٹی آئی کے تمام استعفے منظور کئے، الیکشن کمیشن نے ان منظور استعفوں پر کوئی عمل نہیں کیا، پی ڈی ایم کے اسپیکر نے جو استعفے منظور کئے الیکشن کمیشن نے فوراً اس پر عمل کیا۔ پی ٹی آئی کی رہنما ملیکہ بخاری نے کہا کہ الیکشن کمشنر واضح طور پر اپنے حلف کی پاسداری نہیں کر رہے، جب سندھ ہاؤس میں ضمیر فروشوں کی منڈی لگی تو الیکشن کمیشن سویا رہا، اعلی عدالتوں کے ججز سے التجا کرتے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر کو عہدے سے ہٹائے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے اگست 2022 میں بھیچیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کیا اور فوری طور پر واپس بھی لے لیا تھا۔