چین کے دارالخلافہ بیجنگ کے اسپتال میں آتشزدگی کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 29 ہوگئی جبکہ پولیس نے 12 مشکوک افراد کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کر دی۔
گزشتہ روز بیجنگ کے چینگ فینگ اسپتال کے انپیشنٹ شعبے میں آگ لگ گئی تھی جس کے بعد خبر ملنے پر مریضوں کے اہلخانہ اپنے پیاروں کی خبرگیری کے لیے اسپتال پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متاثرہ اسپتال میں داخل مریضوں کے رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ 7-8 گھنٹے گذرنے کے باوجود بھی ہمیں اپنے مریضوں کی خیر خیریت کے بارے میں نہیں بتایا گیا، لیکن ہمیں یہ خبر میڈیا کے ذریعے معلوم ہوئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پوری رات اسپتال کے باہر اپنے پیاروں کو تلاش کرتے ہوئے گذار دی تاہم انہیں بتایا گیا کہ ان کے مریضوں کو کہاں منتقل کیا گیا ہے جبکہ وہ رات بھر پریشانی میں ادھر سے ادھر بھٹکتے رہے۔
آتشزدگی کے ایک روز بعد میڈیا کانفرنس کرتے ہوئے حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ آگ بھڑکنے کا واقعہ اسپتال میں مرمتی کام شروع ہونے کے بعد پیش آیا۔
پولیس نے واقعے سے متعلق تحقیقات کیلئے اسپتال کے ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر اور مرمتی کام کرنے والی فرم کے سربراہ سمیت 12 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ آگ لگنے کے بعد اسپتال سے 70 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا تھا بعد ازاں انہیں دوسرے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا تھا۔