وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ ہونے والے اجلاس سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس
کوئٹہ۔ ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ ہونے والے اجلاس سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں صوبے کے مؤقف کو بھرپور انداز سے وفاقی سطح پر پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں صوبے کے مفادات کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا اور تمام فیصلے وسیع تر عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کئیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ وفاقی سطح پر صوبے کے کیس کو بھرپور انداز سے پیش کیا جائے اور وفاق کے ساتھ معاملات کو احسن انداز سے حل کرتے ہوئے صوبے کی مجموعی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ صوبے کے وسائل اور ان سے حاصل ہونے والے محاصل کے حصول کو ممکن بنانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی ۔
اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ مینا مجید، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ سید سکندر شاہ ،سیکرٹری آبپاشی حافظ عبدالماجد اور سیکرٹری توانائی بشیر احمد خان بازئی سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔