بلوچستان بھر میں دس لاکھ پودے لگانے کا ہدف

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوہ مردار کے دامن میں چنار کا پودا لگا کر بلوچستان میں پلانٹ فار پاکستان ڈے شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا،

صوبائی مشیر عبدالخالق ہزارہ، علاقے کے عمائدین، سیکریٹری جنگلات اور محکمہ جنگلات کے دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مہم کے دوران بلوچستان بھر میں دس لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جن میں سے ایک لاکھ پوددے لگائے جاچکے ہیں اور مون سون کے سیزن کے دوران مزید نولاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ مہم کے آغاز پر نوے ہزار پودے لگائے گئے ہیں

وزیراعلیٰ نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور شجر کاری مہم کا نعرہ ہر بشردو شجر ہے، اگر معاشرے کا ہر فرد اپنی مذہبی اور سماجی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے مہم میں حصہ لے گا تو یقینا شجر کاری مہم کامیابی سے ہمکنار ہوگی جو جنگلات میں اضافے کی بنیاد بنے گی

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی بلین ٹری سونامی مہم کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے جس میں تمام صوبے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور یہ ایک قومی مہم کی شکل اختیار کرچکی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں شجر کاری کی اہمیت بہت زیادہ ہے، جنگلات کی کمی کے باعث بارش کی کمی اور ماحولیاتی آلودگی کے مسائل درپیش ہیں اور ان مسائل کے حل کا واحد قدرتی ذریعہ شجر کاری ہے،

انہوں نے کہاکہ صرف درخت لگانا ہی کافی نہیں بلکہ ان کی نشوونما کے لئے انہیں پانی دینا اور ان کی حفاظت بھی ضروری ہے لہٰذا محکمہ جنگلات، رضاکار تنظمیں اور سول سوسائٹی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ نے رضاکار تنظیموں کی جانب سے علاقے میں کی گئی شجر کاری کا معائنہ کیا اور اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت شجرکاری کی ہے جو ان کے باشعور ہونے کا ثبوت ہے،

انہوں نے حکومت کی جانب سے رضاکاروں کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے سیکریٹری جنگلات اور کمشنر کوئٹہ کو رضاکاروں کو بھرپور تعاون فراہم کرنے اور بنیادی ڈھانچہ کی فراہمی کی ہدایت کی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.