بلوچستان میں مسلم لیگ ن اور ق کا اتحاد برقرار

ویب ڈیسک

مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ق) بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اپنا اتحاد قائم و دائم رکھے گی اور یہ اتحاد آنے والے الیکشن میں بھی برقرار رہے گا۔

مسلم لیگ (ق) جعفر خان مندوخیل کی قیادت میں فعال و منظم ہے اور ہم وزیراعلیٰ نواب ثناء اﷲ زہری کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے اور انکی حکومت کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ملکر ناکام بنادیں گے۔

یہ بات اُنہوں نے کوئٹہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

یہ بھی پڑھیں
1 of 8,886

رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے بغیر ترقی نہیں ہے لہٰذا تمام پارٹیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بلوچستان میں قیام امن کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری کا ساتھ دیں اس وقت صوبے میں دہشت گردی کی جو لہر ہے وزیراعلیٰ نواب ثناء اﷲ زہری دہشت گردی کے خلاف تنہا جنگ نہیں لڑ سکتے جب تک کہ ان کی مخلوط حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتیں انکا بھرپور ساتھ نہ دیں۔

لہٰذا یہ ہم سب پر ذمہ داری بنتی ہے کہ صوبے میں قیام امن کیلئے وزیراعلیٰ نواب ثناء اﷲ زہری کے کندھے سے کندھا ملائیں اور انکا بھرپور ساتھ دیں ۔اُنہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اختلافات اور غلط فہمیاں ہوتی رہتی ہیں نواب ثناء اﷲ زہری میرے قائد اور باس ہیں میرا نواب صاحب سے کوئی سیاسی تعلق نہیں بلکہ خونی رشتہ ہے خاران انکا اپنا حلقہ ہے اور انہوں نے ہمیشہ خاران کے مسائل کے حل کیلئے ہمارا بہت ساتھ بھی دیا ہے۔

معمولی مسئلے میں ہمارے بعض دُشمن فائدہ اُٹھانے کی کوشش کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ میرے حوالے سے اگر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری کی کوئی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ میرے بڑے ہیں میں ان سے معذرت کرتا ہوں اور اُمید کرتا ہوں کہ اگر میرے متعلق ان کے دل میں کوئی بات ہے تو وہ درگزر کردیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ق) آئندہ الیکشن میں بلوچستان میں (ن) لیگ کو بھرپور کندھا دیں گے کیونکہ (ن) لیگ اور (ق) بلوچستان میں ایک ہیں اور آئندہ بھی ایک رہیں گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ زہری کے ہاتھ مضبوط کرنے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اور انشاء اﷲ2018ء کے الیکشن کے بعد بھی مسلم لیگ (ن) اور (ق) ملکر صوبے میں حکومت بنائیں گی اور ہمارے وزیراعلیٰ نواب ثناء اﷲ زہری ہونگے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.