ابو ظہبی( اسپورٹس نیوز ) تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو چوتھی اننگز میں 176 رنز کا ہدف دیا تھا
جو پاکستان کے لیے پہاڑ سر کرنے کے برابر ثابت ہوا اور پاکستان کی پوری ٹیم 171 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے اعجاز پٹیل پاکستانی بلے بازوں کے لیے چوتھی اننگز میں درد سر بنے رہے،
انھوں نے اپنی گھومتی گیندوں کے ساتھ 5 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔
پاکستان کی جانب سے چوتھی اننگز میں اسد شفیق نے 45 اور اظہر علی نے65 رنز کی اننگز کھیلی۔
ان دونوں بلے بازوں کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی کریز پر نہ ٹھہر سکا۔
پاکستان کی جانب سے لیگ اسپنر یاسر شاہ میچ میں مجموعی طور پر 8 جب کہ فاسٹ بالر حسن علی 7 وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ کوتین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے،سیریز کا اگلا ٹیسٹ 24 نومبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا۔