ویب ڈیسک
بینک دولت پاکستان نے خصوصی افرا د کیلئے اسمال انٹر پرائز قرضوں اور قرضے پر ضمانت کی رعایتی سہولت کا اعلان کردیا
گورنر طارق باجوہ نے یہ اعلان خزانہ ،محصولات اور اقتصادی امور پر قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ کے ساتویں اجلاس منعقدہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں کیا اس موقع پر مجلس قائمہ کے ارکان اور اسٹیٹ بینک کے سنیئر ایگزیکٹوز بھی موجود تھے
طارق باجوہ نے کہا کہ ملک میں معذوری میں مبتلا افراد کی مشکلات اور ان کے الگ تھلگ رہنے کی وجہ سے معیشت کو پہنچنے والے نقصان کااحساس کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک نے ترجیحی شعبے کی ترقی کو پیش نظر رکھ کر خصوصی افراد کیلئے ایک اسکیم پر نظر ثانی کی ہے
سالانہ پانچ فیصد رعایتی شرح پر قرضے کی سہولت سے اسمال انٹر پرائز کے زمرے میں آنیوالے خصوصی افراد کو قرضے تک رسائی بہتر ہونے کی توقع ہے اسکیم کے تحت بینک اورترقیاتی مالی ادارے نئے کاروباری ادارے بنانے کیلئے یا پہلے سے قائم اداروں کی توسیع کیلئے خصوصی افراد کو قرضے کی سہولت دینگے
اسٹیٹ بینک ان افراد کودئیے گئے قرضے کے سو فیصد کے مساوی ری فنانس بینکوں اور ترقیاتی مالی اداروں کو فراہم کرے گا ۔خصوصی افراد زیادہ سے زیادہ پانچ سال کیلئے جس میں چھ ماہ کی رعایتی مدت بھی شامل ہوگی
1.5ملین ( پندرہ لاکھ ) روپے تک قرضہ حاصل کرسکتے ہیں اسٹیٹ بینک کے تحت دئیے گئے واجب الادا قرضوں پر بینکوں اور ترقیاتی مالی اداروں کوساٹھ فیصد رسک کوریج بھی دے گا قرضے کی اس سہولت کابنیادی مقصد یہ کہ پاکستان میں خصوصی افراد کے سماجی و معاشی حالات بہتر بنائے جائیں