جی ڈی اے پاک چائنہ فرینڈشپ ہسپتال نے گوادر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کامیاب سی ٹی اسکین مکمل کرکے ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے
گوادر: جی ڈی اے پاک چائنہ فرینڈشپ ہسپتال نے گوادر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کامیاب سی ٹی اسکین مکمل کرکے ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔ یہ پیشرفت علاقے میں صحت کی سہولیات کے شعبے میں ایک انقلابی قدم ہے، جس کا طویل عرصے سے انتظار کیا جا رہا تھا۔
گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاک چین دوستی کے نام سے منسوب یہ ہسپتال صوبہ سندھ کے انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے زیرانتظام ہے۔ عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان جی ڈی اے حکام اور دیگر کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس جدید سہولت کی فراہمی گوادر کے عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ کیونکہ اس سے قبل مریضوں کو معمولی بیماریوں کی تشخیص کے لیے بھی بڑے شہروں کا سفر کرنا پڑتا تھا۔ اب پہلی بار سی ٹی اسکین جیسی اعلیٰ ٹیکنالوجی ان کے اپنے شہر میں دستیاب ہوگی جس سے نہ صرف بیماریوں کی بروقت اور درست تشخیص ممکن ہوگی بلکہ علاج بھی مؤثر اور تیز تر ہوگا۔
یہ سہولت گوادر کے طبی نظام میں ایک نمایاں پیشرفت ہے، جو علاقے کے عوام کو صحت کی بہتر خدمات تک فوری رسائی فراہم کرے گی اور صحت کے شعبے میں ترقی کا ایک نیا دور شروع کرے گی۔ اس اقدام کو گوادر کے شہریوں کے لیے ایک بڑی خوشخبری قرار دیا جا رہا ہے جو ان کی زندگی میں واضح بہتری کا باعث بنے گا۔
اس موقع پر ہسپتال کے ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر عفان فائق زادہ نے اس کامیاب سی ٹی اسکین کو علاقے کے عوام کے لیے ایک نیا باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت علاقے کے لوگوں کی صحت کے لیے ایک بہت بڑی نعمت ہے۔ انہوں نے اس اہم کامیابی میں حصہ لینے والے تمام ماہرین، ٹیکنیشنز، اور ڈاکٹرز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اُمید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی مزید جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاکہ گوادر کے عوام کو صحت کے بہترین مواقع مل سکیں۔