رقم غزہ کی پٹی میں گھروں سے محروم شہریوں کو گرم کپڑوں کی فراہمی اور دیگر ضروریات پر صرف کی جائے گی
اعلان بالفور فلسطینی قوم کے وطن اور ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی ایک سیاہ دستاویز ہے،چیئرمین برطانیہ فرینڈ شپ کلب
لندن
ویب ڈیسک
برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں مقیم فلسطینی شہریوں نے ایک نئی فنڈ ریزنگ مہم کے دوران غزہ کی پٹی کے محصورین کو سردی سے بچانے میں مدد فراہم کرنے کیلئے 1لاکھ ڈالر کی رقم جمع کی ہے۔
فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ رقم غزہ کی پٹی میں گھروں سے محروم شہریوں کو گرم کپڑوں کی فراہمی اور دیگر ضروریات پر صرف کی جائے گی۔ادھر لندن میں قائم فلسطین۔
برطانیہ فرینڈشپ کلب کے چیئرمین حافظ الکرمی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تقسیم فلسطین کی بنیاد بننے والے اعلان بالفور کو تاریخ کا بدترین معاہدہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اعلان بالفور دراصل فلسطینی قوم کے وطن اور ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی ایک سیاہ دستاویز ہے۔حافظ الکرمی نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اعلان بالفور کی ایک صدی مکمل ہونے پر فلسطینی قوم سے معافی مانگے اور ان کے حقوق کے استحصال کو روکنے اور ماضی میں ہونے والی غلطیوں کا الزالہ کرے۔
برطانیہ میں فلسطین کلب کے زیراہتمام 13 یوم فلسطین منایا گیا۔ اس موقع پر ہمہ نوع تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ غزہ کی پٹی کے محصورین کے لیے امداد جمع کی گئی۔
اس کے علاوہ اعلان بالفور سے متعلق ایک فلم کی بھی نمائش کی گئی۔ مقررین نے اعلان بالفور کو فلسطینی تاریخ کا سیاہ باب قرار دیتے ہوئے اسے منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
نمائشی تقریب میں فلسطینی قومی مصنوعات کی نمائش بھی کی گئی۔