مہنگائی کا طوفان، عوام پریشان

 رپورٹ ندیم بابر مغل سبی

ملک بھر کی طرح سبی میں بھی مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل بنا دیا ہے۔ روزمرہ استعمال کی اشیاء کے نرخ مسلسل بڑھتے جا رہے ہیں اور قیمتوں میں من مانی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس نے متوسط اور غریب طبقے کی زندگی پر گہرے اثرات چھوڑے ہیں۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق گوشت سمیت تمام بنیادی اشیاء کی قیمتیں سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ وصول کی جا رہی ہیں۔ چھوٹے گوشت کا سرکاری نرخ 1700 روپے فی کلو جبکہ مارکیٹ میں 2000 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح بڑے گوشت کی سرکاری قیمت 1100 روپے فی کلو مقرر ہے مگر خریداروں کو یہ 1400 روپے میں مل رہا ہے۔
فارمی مرغی کی قیمت میں بھی غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اس وقت مارکیٹ میں 700 روپے تک فروخت ہو رہی ہے۔ جبکہ وہ چیز جسے غریب اور امیر دونوں روزانہ استعمال کرتے ہیں — چینی — اس کی قیمت بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، جس نے اشیائے خورونوش کے بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
عوام کا کہنا ہے کہ نہ حکومت کی جانب سے کسی قسم کا ریلیف دیا جا رہا ہے اور نہ ہی پرائس کنٹرول کمیٹی قیمتوں میں استحکام کے لیے کوئی خاطر خواہ کردار ادا کر رہی ہے۔ نتیجتاً منڈیوں میں بے ضابطگیاں، مہنگے نرخ اور عوامی پریشانی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
اگر حکومت اور متعلقہ اداروں نے صورتحال پر بروقت توجہ نہ دی تو مہنگائی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے اور عام شہریوں کے لیے بنیادی خوراک تک رسائی مزید مشکل ہو جائے گی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.