رپورٹ۔ مہک شاہد
کھیل انسان کی جسمانی اور ذہنی نشونما میں انتہائی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ کھیل انسانی شخصیت کے نکھار میں بھی اہم رول ادا کرتے ہیں۔ شعور کی منزل کو پانے کے بعد سے ہی انسان مختلف کھیل کھیلتا آرہا ہے۔ دنیا کا کوئی ملک ایسا نہیں ہے جہاں لوگوں کو کھیل کے بارے میں معلومات نہ ہوں۔
بلوچستان میں براہوی زبان بولنے والے ہوں یا بلوچی زبان بولنے والے ان کی اکثریت ایک ہی طرح کے کھیلوں سے دلچسپی رکھتی ہے۔ براہوی بولنے والے بلوچوں کی اکثریت پہاڑوں، میدانوں، ریگستانوں میں خانہ بدوشانہ زندگی بسر کرتی ہے لہذا ان کے کھیل بھی ان کی معاشرتی زندگی کے آئینہ دار ہوتے ہیں۔
بلوچستان میں رہنے والے لوگ مختلف طرح کے کھیل کھیلتے ہیں، ایک کھیل ”بیڈی“ کے نام سے مشہور ہے، جسے بلوچستان کے لوگ بہت شوق سے کھیلتے ہیں۔ یہ کھیل عموماً عید الاضحی کے بعد ذیادہ تر کھیلا جاتا ہے۔ بھیڑ بکریوں اور دوسرے جانوروں کے پچھلے پاؤں میں ایک ہڈی ہوتی ہے جس سے بچے، جوان اور بوڑھے کھیلتے ہیں اس کو بیڈی کہتے ہیں۔
بعض شوقین کھلاڑی اپنی ایک یا زیادہ بیڈیوں کو پتھر پر رگڑ کر ہموار سا کر دیتے ہیں تب اس کو ”چیت“ کہتے ہیں اس کو رنگ بھی دیتے ہیں۔جس خاص بیڈی سے دوسری بیڈیوں کو مارتے ہیں اس کو ارغند یا اینٹ اینٹی کہتے ہیں۔ بیڈیوں سے مختلف طرح کے کھیل کھیلے جاتے ہیں ان میں سے ایک کھیل ”خراچ“ کے نام سے مشہور ہے۔
خراچ کھیل کو اس طرح سے کھیلا جاتا ہے، سب سے پہلے کھیل کی ابتدا میں کھلاڑی اپنی اپنی بیڈیوں کو میدان میں پھینک دیتے ہیں ان میں سے جس کی بیڈی ”اسپ“ ( بیڈی کا الٹا حصہ) کی شکل میں آجائے تو وہ کھلاڑی اول نمبر ہوگا۔ ”خر“ (بیڈی کا سیدھا حصہ) کی شکل میں آنے والی بیڈی کے کھلاڑی کا دوسرا نمبر ”پْک“ والی کا تیسرا اور ”چک“ (بیڈی کا اندر کو دھنسا ہوا حصہ) والی کا چوتھا نمبر ہوگا، اب کھیل باقاعدہ شروع ہوتا ہے، کھلاڑی نمبر1 مقرر جگہ سے دائرے کے اندر موجود بیڈیوں کو مارتا ہے، ایک وار میں جس قدر بیڈیاں قطار سے گر جائیں ان میں سے جو ارغند کی شکل میں ہوں ان کو وہ جیت لیتا ہے اگر مارتے وقت ارغند ”خر“ شکل میں ہو تو کھلاڑی سوائے اسپ شکل کی بیڈیوں کے باقی تمام بیڈیوں کو جیت لیتا ہے۔
بیڈی میں ایک اور کھیل ”دوسر“ کے نام سے کھیلا جاتا ہے، یہ کھیل دوسر ے سے مختلف ہے۔ اس کھیل میں چار بیڈیاں استعمال کی جاتی ہیں ان میں سے ایک بیڈی کو رنگ دیا جاتا ہے جس کو ہم دوسر کہتے ہیں۔ زمین پر پھینکتے وقت اگر دوسر اسپ یا خر آجائے تو اس کی قیمت دگنی ہو جاتی ہے اگر چک یا پْک آجائے تو اس کی کوئی قیمت نہیں ہوتی ہے۔ جب کھلاڑی بیڈیوں کو میدان میں پھینکتا ہے تو اگر اس کی بیڈی اسپ شکل میں آجائے تو اس کی جیت ہوتی ہے اگر خر شکل میں آجائے تو فریق مخالف کی جیت ہوتی ہے۔
بیڈی بلوچستان کا ایک مشہور کھیل ہے، جو قدیم زمانے سے کھیلا جا رہا ہے۔ اس کھیل سے ہر کوئی لطف اندوز ہوتا ہے، حکومت کو چاہیے کہ بلوچستان کے اس کھیل کو قومی سطح پر متعارف کرائے تاکہ ملک کے دوسرے صوبوں کے لوگوں کو اس کھیل کے بارے میں علم ہو کیونکہ قدیم زمانے کے کھیلوں کے بارے میں لوگ بہت کم علم رکھتے ہیں