کوئٹہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی نت نئی پالیسیوں کے باعث نوجوان کرکٹرز کا مستقبل داﺅ پر لگ گیا ‘ کوئٹہ ‘ڈیرہ مراد جمالی ریجن سمیت پورے ملک میں بڑے پیمانے پر انڈر13 کے کرکٹرز کو ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے نظر انداز کردیاگیا ‘
با صلاحیت کھلاڑیوں میں مایوسی اور بے چینی کی لہر تفصیلات کے مطابق یکم فروری سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام انڈر13اور انڈر16کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد ہو رہا ہے انڈر 13کے کھلاڑیوں کی اہلیت کی فہرست بھی جاری کردی گئی لیکن اچانک دو سال سے مسلسل ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کوفہرست سے ڈراپ کردیا گیا۔ اس حوالے سے متعدد کرکٹرز اور ان کے والدین نے بتایا کہ پی سی بی کی پرانی فہرستوں میں ان کھلاڑیوں کو اہل قرار دیا گیا تھا لیکن اب یہ کہا جا رہا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت کھلاڑی صرف دو سال کھیل سکیں گے اور انہیں تیسرے سال کیلئے موقع نہیں ملے گا۔
حالانکہ ان کھلاڑیوں کی عمریں اب بھی 13سال سے کم ہیں دوسری جانب انہیں انڈر16 کی ٹیم میں شمولیت کا موقع بھی نہیں دیا جا رہا اور پی سی بی کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ یہ کھلاڑی کم عمر ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں نے پی سی بی کی نئی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایڈہاک ازم اور اقربا پروری کی بنیاد پر نئی پالیسی کا نوٹس لیتے ہوئے ڈراپ کئے جانیوالے با صلاحیت کھلاڑیوں کو دوبارہ ٹیموں کا حصہ بنائیں تا کہ وہ آگے جا کر ملک و صوبے کی بہتر انداز میں نمائندگی کر سکیں۔