اسلام آباد24جولائی ۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئر پرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے وڑن کو مجسم کرتا ہے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک کی غریب خواتین کے لیے امید کی کرن ہے جو انہیں ایک منفرد شناخت اور معاشی طور پر بااختیار بنا رہا ہے۔
یہ بات انہوں نے اپنے آفس میں جے یو آئی کے سینیٹر اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے گورنمنٹ اشورنسز کے چیرمین عبدالشکور خان اچکزئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔سنیٹر شکور خان اچکزئی نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کو ضلع قلعہ عبداللہ اور ضلع چمن میں بی آئی ایس پی عملے کی کمی اور بینفیشریز کو درپیش مشکلات سے متعلق تفصیلی آگا کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع قلعہ عبداللہ اور چمن میں بیک وقت ایک بی آئی ایس پی عملہ کام کررہا ہے عملہ اور کیمپ سائٹس کی کمی سے بینفشریز کو مشکلات درپیش ہیں۔
بی آئی ایس پی چیئرپرسن روبینہ خالد نے سنیٹر عبدالشکور خان کو ضلع قعلہ عبداللہ اور چمن میں عملے کی استعداد کار بڑھانے اور بینیفشریز کو درپیش مشکلات کے خاتمے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی کا مقصد خواتین کی زندگیوں کو بہتر بنانا ہے۔ بی آئی ایس پی نے فنڈز کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے چھ بینکوں پر مشتمل ایک نیا ادائیگی کا نظام متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وظیفے اب مقررہ ادائیگی کیمپ سائٹس کے ذریعے تقسیم کیے جاتے ہیں، بی آئی ایس پی کا عملہ کسی بھی مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کے لیے تقسیم کے عمل کی باقاعدگی سے نگرانی کرتا ہے۔