اسلام آباد : وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ حکومت اور کالعدم تنظیم کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، جو راستے بلاک ہیں وہ کھول دیئے جائیں گے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت اور کالعدم تنظیم کے درمیان مذاکرات کی کامیابی کے بعد گرفتار افراد کو رہا کر دیا جائے گا، طے پایا ہے منگل کی شام تک یہ لوگ وہیں رہیں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب روانگی سے قبل وزیرداخلہ شیخ رشید، وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری اور صوبائی وزیرقانون راجا بشارت پر مشتمل حکومتی ٹیم کو کالعدم تنظیم کی قیادت سے مذاکرات کرکے معاملات کو حل کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔
گذشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت لاہور میں اہم اجلاس ہوا، پنجاب سیف سٹی اٹھارٹی آفس میں اجلاس میں وفاقی اور صوبائی وزراء بھی شریک ہوئے، اجلاس میں نور الحق قادری ،علی امین گنڈا پور، صوبائی وزیر قانون راجا بشارت ،آئی جی پنجاب اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید کو کالعدم تنظیم کے مارچ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔