وزیراعظم کی مراعات میں تبدیلی پر غور
صدر مملکت اور وزیراعظم کی تنخواہ، الاونسسز اور مراعات کے ایکٹ 1975 میں ترمیم کی سمری کل وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی۔
(بلوچستان24ویب ڈسک تازہ ترین 27 جنوری ۔ 2020)کوئٹہ
پاکستان میں صدر مملکت اور وزیراعظم کی تنخواہ، الاونسز اور مراعات میں ترمیم کی سمری منگل کے روز وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔
کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔کابینہ اجلاس کے جاری کردہ ایجنڈے کے مطابق صدر مملکت اور وزیراعظم کی تنخواہ، الاونسسز اور مراعات کے ایکٹ 1975 میں ترمیم کی سمری کل وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ دنوں ملک میں حالیہ مہنگائی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا ان کو اندازہ ہیں کہ ملک میں مہنگائی ہے اور ان کا اپنا گزارہ بھی تنخواہ میں نہیں ہوتا۔وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس کی تقرری کا معاملہ بھی شامل ہے۔
وفاقی کابینہ نئے آئی جی سندھ کے نام کی منظوری دے گی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک میں گندم اور آٹے کے بحران کے پیش نظر گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔وفاقی کابینہ اجلاس میں بچوں کے تحفظ کے لیے قومی کمیشن کے قیام کی بھی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں ممنوعہ اور غیر ممنوعہ بور کے لائیسنس کے اجرا کی منظوری بھی شامل ہے۔
وفاقی کابینہ کے 15 نکاتی ایجنڈے میں انڈیا سے ادویات بنانے کے لیے خام مال ایک بار درآمد کرنے کی اجازت لینے کا معاملہ بھی شامل ہے۔ کابینہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے وزارت ہاؤسنگ اور ورکس کے ساتھ معاہدے پر دستخط کی منظوری بھی دے گی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین کابینہ کو ادارہ جاتی اصلاحات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔وفاقی کابینہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائینز کے بورڈ آف ڈائیریکٹرز کی نامزدگی اور اوگرا کے وائس چیئرمین کے عہدے کی منظوری بھی دے گی۔