ویب ڈیسک
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کوئٹہ شہر میں صفائی کی صورتحال کی بہتری اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے تحت کچرہ کو ٹھکانے لگانے کے لئے ٹھوس بنیادوں پر منصوبہ بندی کی ہدایت
شہر کو چار زونز میں تقسیم کرکے روزانہ کی بنیادوں پر صفائی کا عملہ جدید مشینری کے ذریعہ کچرہ اکٹھاکرکے ٹھکانے لگائے گا ،
وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی ہے کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ موڈ کے تحت چلانے کا جائزہ بھی لیا جائے،
لاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ حکام کی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال سے ملاقات کی، پارلیمانی سیکریٹری مبین خان خلجی، کمشنر کوئٹہ عثمان علی خان، ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ فاروق احمد لانگو ، حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز شاہ عرفان احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ ایل ایس ڈبلیو ایم کمپنی کوئٹہ میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی فزیبیلیٹی رپورٹ تیار کررہی ہے، جس کی تکمیل سے کوئٹہ میں صفائی کی صورتحال کی بہتری، کچرہ اٹھانے اور اسے ٹھکانے لگانے کے عمل کا آغاز ہوگا
جس میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی مشینری اور صفائی کے عملہ کا استعمال کیا جائے گا، وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ کوئٹہ میں اوسطاً 1250ٹن کچرہ روزانہ پیدا ہوتا ہے، تاہم استعداد کی کمی کے باعث 350ٹن کچرہ اٹھایا جاتا ہے،
وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور کی طرز پر کوئٹہ شہر میں بھی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی ضرورت ہے، جس کے تحت کچرہ کو ٹھکانے لگانے اور اس کی ری سائیکلنگ بھی کی جاسکے،
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کی مستقل بنیادوں پر صفائی کے کے لئے ایک ایسے دیرپا منصوبے کی ضرورت ہے جس سے ریونیو بھی حاصل ہوسکے،
وزیراعلیٰ نے ایڈمنسٹریٹر کیو ایم سی کو ادارے کی صفائی کی مشینوں اور گاڑیوں کی تفصیلات تیار کرنے اور ضرورت کے مطابق نئی مشینری اور گاڑیوں کی خرید کی سمری تیار کرنے کی ہدایت بھی کی،
کمپنی حکام کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ کوئٹہ کی ضروریات کے مطابق شہر کی صفائی کے منصوبے کی فزیبیلیٹی رپورٹ جلد تیار کرکے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے حوالے کردی جائے گی،
جبکہ کمپنی بیوٹمز کے متعلقہ شعبہ کے فارغ التحصیل طلباءکو ایک ماہ کی مینیجیریل ٹریننگ بھی فراہم کرے گی جس کے بعد ان کی خدمات منصوبے کے لئے حاصل کی جاسکیں گی۔