ویب رپورٹ: بلوچستان 24
بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر عبدالخالق خان اچکزئی کی قیادت میں صوبائی پارلیمانی وفد نے اسکاٹش پارلیمنٹ کا دورہ کیا۔
وفد میں رکن صوبائی اسمبلی حلقہ پی بی 44 میر عبیداللہ گورگیج، صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ، پرنس احمد عمر احمدزئی اور سیکریٹری بلوچستان اسمبلی طاہر شاہ شامل تھے۔
دورے کے دوران وفد نے اسکاٹش پارلیمنٹ کی پریزائیڈنگ آفیسر ایلیسن جانسٹون ایم ایس پی سمیت اہم حکام سے ملاقاتیں کیں، جن میں پارلیمانی امور، قانون سازی، جمہوری روایات اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وفد کو اسکاٹش پارلیمنٹ کا خصوصی اور نجی دورہ بھی کرایا گیا، جس میں پارلیمانی نظام، کمیٹی اسٹرکچر اور قانون سازی کے عمل سے آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر دولتِ مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن (سی پی اے) اسکاٹ لینڈ برانچ کی ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا، جہاں دوطرفہ پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔