پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ مجھ پر زیادتی اور تشدد کی ذمہ دار وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی سائبر کرائم برانچ اسلام آباد، وزیر داخلہ رانا ثنااللہ یا موجودہ حکومت نہیں، یہ چھوٹے اداکار ہیں۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ البتہ ایف آئی اے کا سب سے بڑا قصور یہ ہے کہ وہ عدالتی اور پارلیمانی فورم پر بتائے کہ انہوں نے کس کے کہنے پر صرف ایک ٹوئٹ کی بنیاد پر مجھ پر ایف آئی آر کاٹی۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کس کے کہنے پر میرے گھر پر غیر قانونی چھاپہ مارا، میرے اہلِ خانہ کے سامنے مجھے مارا گیا، میرے گھریلو ملازمین کو بری طرح پیٹا گیا اور ٹھیک سوا 4 بجے ایف آئی اے نے کن نامعلوم سفید لباس میں ملبوس ان درندوں کے حوالے کیا جنہوں نے اس جمہوری ملک کے دارالحکومت میں مقننہ و عدلیہ کی ناک کے نیچے گوانتاناموبے کی سیاہ تاریخ کو دہرایا۔