کوئٹہ میں13 سالہ لڑکی سے زیادتی اور قتل کرنے کے الزام میں لڑکی کے بھائی کو گرفتار کرلیا گیا، جس نے اعتراف جرم بھی کرلیا
ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے کلی اسماعیل میں لڑکی سے زیادتی اور قتل کا معاملہ حل ہوگیا
ویب ڈیسک
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے کلی اسما عیل میں چھٹی جماعت کی طالبہ کیساتھ جنسی زیادتی اور بعد میں قتل کرنے کے بعد پولیس نے شق کی بنیاد پر ان کے بھائی کو گرفتار کر لیا جس نے اعترافی بیان کے بعد جرم بھی قبول کر لیا ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی)عبدالرزاق چیمہ نے تصدیق کی کہ کوئٹہ کے علاقے کلی اسماعیل میں لڑکی سے زیادتی اور قتل کا معاملہ حل ہوگیا۔
ڈی آئی جی کے مطابق 13 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کے بعد قتل کرنے والا ملزم بچی کا بھائی ہے، جسے شک کی بنیاد پر گذشتہ رات حراست میں لیا گیا تھا۔
ڈی آئی جی کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش میں ہی زیادتی اور قتل کا اعتراف کرلیا۔انھوں نے بتایا کہ ڈی این اے کے لیے ملزم کے خون کا نمونہ لے لیا گیا ہے، جسے دیگر شواہد کے ساتھ فرانزک سائنس لیبارٹری لاہور بھجوایا جائے گا۔
دوسری جانب تحقیقات کے لیے سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی)انویسٹی گیشن کی سربراہی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔
گذشتہ روز وزیراعلی نے پولیس حکام کو واقعے میں ملوث ملزمان کو 2 دن میں گرفتار کرنے کا الٹی میٹم دیا تھا۔واضح رہے کہ کوئٹہ کے علاقے کلی اسماعیل کی رہائشی 13 سالہ بچی کو گذشتہ روز زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا، جس کے قتل کا مقدمہ اس کے بڑے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
بعدازاں پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق ہوئی اور پولیس نے شک کی بنیاد پر لڑکی کے دوسرے بھائی کو گرفتار کیا، جس نے جرم کا اعتراف کرلیامقتول بچی کے والد کا انتقال ہوچکا ہے جبکہ والدہ رشتہ داروں کے پاس پنجاب گئی ہوئی تھی۔