این اے 249: ن لیگ کے امیدوار مفتاح اسماعیل کو برتری، غیر سرکاری نتائج

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مفتاح اسماعیل کو برتری حاصل ہے۔ 58 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق لیگی امیدوار 5389 سے زائد ووٹ حاصل کر چکے ہیں۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے عبدالقادر مندوخیل نے ابھی تک 4017 ووٹ حاصل کئے ہیں، ٹی ایل پی کے نذیر کمالوی 2364 ووٹ لے کر تیسرے جبکہ پی ایس پی سربراہ مصطفیٰ کمال 1723 ووٹ لے کر چوتھے اور پی ٹی آئی کے امجد آفریدی 1690 ووٹ لے کر پانچویں نمبر پر ہیں۔

حلقے میں خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 37 ہزار 935 ہے جبکہ مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 1 ہزار 656 ہے۔

حلقے کے 184 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ 92 پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا تھا۔

پولنگ سٹیشنز کے باہر پیرا ملٹری فورس اور مجموعی طور پر 5 ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکار تعینات تھے۔

یہ بھی پڑھیں
1 of 8,946

پولنگ وقت مقررہ پر شروع ہوئی تاہم گرمی کی شدت اور رمضان المبارک کی وجہ سے ووٹنگ کا عمل سست روی کا شکار رہا۔

سعید آباد کے پولنگ سٹیشن نمبر 142 اور 143 میں بد نظمی دیکھنے میں آئی۔ ایم کیو ایم اور پی ایس پی کارکن آمنے سامنے بھی ہوئے، تاہم کوئی ناخوشگوار واقعہ نہیں ہوا۔

پیپلز پارٹی الیکشن سیل کے انچارج سینیٹر تاج حیدر نے پی ٹی آئی ایم پی ایز کی حلقہ 249 میں موجودگی پر صوابائی الیکشن کمیشن کو شکایت کی، جس پر پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی فردوس نقوی کو حلقے سے باہر جانے کے احکامات دیئے گئے۔

صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان کا کہنا تھا کہ سیاسی شخصیات حلقے میں نہیں ہونگی تو پر امن طریقے سے انتخابی عمل جاری رہےگا۔

فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ جمہوریت کیخلاف سازش کر کے گرمی کے موسم میں ماہ رمضان میں الیکشن رکھا گیا، چیف الیکشن کمیشن کو کہنا چاہتا ہوں آئندہ کوئی بھی الیکشن ماہ رمضان میں نہ رکھا جائے، ضمنی انتخاب ویک ڈے پر رکھنا جمہوریت کیخلاف سازش ہے، ضمنی انتخاب چھٹی کے روز ہونا چاہیے تھا۔

دوسری طرف نظم و نسق کے حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ، ایس ایس پی کیماڑی اور ریٹرننگ افسر نے مختلف پولنگ سٹیشن کا دورہ کیا۔ ڈی آئی جی ساوتھ جاوید اکبر نے بتایا ہر پولنگ بوتھ پر دو رینجرز کے اہلکار اور پولیس نفری تعینات ہے۔ حساس اور انتہائی حساس پولنگ بوتھ پر سی سی ٹی وی کیمروں سے سخت مانیٹرنگ جاری ہے۔

خیال رہے حالیہ سینیٹ انتخابات میں کامیابی کے بعد پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا نے اس نشست سے استعفی دیا تھا۔ 2018 کے عام انتخاب میں ن لیگ کے شہباز شریف اس حلقے سے دوسرے نمبر پر آئے تھے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.