اسلام آباد : کراچی میں تجاوزات کے خاتمے سے متعلق کیس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری پہنچ گئے۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں شہر قائد میں تجاوزات کے خاتمے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہمارے حکم پر کتنا عمل درآمد ہوا ؟ ہم نے وزیراعلی کو ہدایت کی تھی عمل درآمد اور نگرانی کریں، وزیر اعلی کو بلائیں اور کہیں رپورٹ لے کر آئیں۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایڈوکیٹ جنرل کہاں ہیں، ان کو نہیں معلوم کہ کتنا اہم تھا یہ کیس ؟ ڈیڑھ سال پہلے حکم جاری کیا تھا اب تک عمل نہیں ہوا، کیا توہین عدالت کی کارروائی شروع کر دیں ؟ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ کمشنر کراچی سے پوچھ لیں۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کمشنر کراچی کو کیا معلوم ہوگا، دو دو مہینے کیلئے آپ کمشنر لگاتے ہیں، ہمیں وزیر اعلی بتائیں گے کتنا عمل ہوا، یہ بیچارے افسران کیا بتائیں گے ؟ ان لوگوں کو تو خود کچھ معلوم نہیں شہر میں کیا ہو رہا ہے۔