کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے صوبے کے کسانوں کو کسان کارڈ کے اجراء اور کسانوں کی رجسٹریشن کے لئے مطلوبہ 10 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی۔
بدھ کو وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو کی زیر صدارت وزیر اعظم کے خصوصی اینیشیٹیو برائے ایگریکلچرل ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہواجس میں صوبائی وزیر زراعت میر اسداللہ بلوچ، چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا اور سیکریٹری زراعت سمیت دیگر متعلقہ حکام کی شرکت کی۔
اجلاس کو متعلقہ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ پلان کے تحت کسان کارڈ کا اجراء اورکسانوں کی رجسٹریشن کی جائے گی،زرعی پیداوار میں اضافے کے لئے کسانوں کو مصدقہ بیجوں کی فراہمی اور زرعی شعبے میں ریسرچ سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہاکہ ہمارے صوبے کے لوگ زیادہ تر زراعت اور زرعی شعبے سے وابستہ ہیں،ہماری حکومت کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے کسان دوست اقدامات کے تسلسل کو جاری رکھے گی صوبے کے لوگوں کے روزگار کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے،عوام کو روزگار کے مواقعوں کی فراہمی کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنائیں گے۔