آئی او ای سی فعال سرمایہ کاری کے لیے سرگرم عمل ہے ،میر عثمان گورگیج

اسلام آباد /کوئٹہ (خ ن) انٹرنیشنل اوورسیز اکنامک کوریڈور (IOEC) پاکستان چیپٹر کے ڈائریکٹر جنرل میر عثمان گورگیج نے عہدہ سنبھالتے ہی ملک اور صوبے کے اقتصادی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنا وژن واضح کر دیا۔انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ، اوورسیز پاکستانی بزنس نیٹ ورک کی فعال شمولیت اور ملکی تجارتی مواقع کو عالمی منڈیوں سے مؤثر انداز میں جوڑنے کے لیے فوری اور جامع اقدامات کریں گے۔

 

ڈائریکٹر جنرل نے واضح کیا کہ IOEC ایک فعال اور مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا جو سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو براہِ راست ملکی معاشی ترقی میں شراکت کے مواقع فراہم کرے گا۔ ان کے مطابق ادارہ ملکی تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کے ساتھ نوجوانوں، نئے کاروباری منصوبوں اور اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاروں کو بھی معاشی ترقی کے عمل میں شامل کرے گا۔

 

میر عثمان گورگیج نے کہا کہ ان کے بنیادی اہداف میں نئی سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی، تجارتی شراکت داریوں کو مضبوط بنانا اور پاکستان کی عالمی اقتصادی راہداریوں میں موجودگی کو مستحکم بنانا شامل ہے، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے اور تجارتی امکانات کے مؤثر استعمال کے لیے ناگزیر ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیں
1 of 9,052

انہوں نے مزید کہا کہ IOEC کے ذریعے سرمایہ کاری کے مواقع کو شفاف، قابل رسائی اور مؤثر بنایا جائے گا تاکہ معیشت مضبوط ہو، نوجوانوں کے لیے کاروباری مواقع پیدا ہوں اور صوبوں خصوصاً بلوچستان کے مفادات کو بین الاقوامی سطح پر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

 

 

ڈائریکٹر جنرل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ IOEC ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے درمیان ایک مضبوط رابطہ پل کا کردار ادا کرے گا اور پاکستان کو عالمی اقتصادی منظرنامے میں فعال اور مستحکم شریک کے طور پر پیش کرے گا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.