گوادر۔ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ویژن کے مطابق جی ڈی اے کے جدید اور دلکش اسپورٹس گراؤنڈز میں میر کلمتی رمضان المبارک اسپورٹس فیسٹیول 2026 کا باوقار آغاز ہو چکا ہے، جہاں ایمان افروز راتیں اب صحت مند سرگرمیوں اور ولولہ انگیز مقابلوں سے بھی منور ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے، معین الرحمٰن خان کی خصوصی ہدایت پر گراؤنڈز میں جدید لائٹنگ سسٹم، بلا تعطل بجلی، شاندار سبزہ زار اور معیاری سہولیات کی فراہمی نے میدانوں کو نئی روح بخش دی ہے۔ روشن قمقموں تلے خوبصورت سبزہ زار پر دوڑتے نوجوانوں کا جوش و خروش، تماشائیوں کا ولولہ اور کھیلوں کا اعلیٰ معیار گوادر کی بدلتی اور سنورتی تصویر کو نمایاں کر رہا ہے۔
آج گوادر میں رات کے اوقات میں کھیلوں کی سرگرمیاں ایک شاندار اور خوبصورت روایت بن چکی ہیں، جو نہ صرف نوجوان نسل کو مثبت سمت اور صحت مند مصروفیات فراہم کر رہی ہیں بلکہ شہر کے روشن، پرامن اور متحرک چہرے کو بھی دنیا کے سامنے اجاگر کر رہی ہیں۔یہ فیسٹیول کھیل، ثقافت اور اجتماعی ہم آہنگی کا حسین امتزاج ہے، جہاں ہر نعرا، ہر مقابلہ اور ہر کامیابی گوادر کے تابناک اور روشن مستقبل کی نوید ثابت ہو۔