کینیڈا کے وزیراعظم نے بھارتی احتجاجی کسانوں کی حمایت کردی : دونوں ملکوں کے تعلقات کشیدہ

0

مونٹریال،نئی دہلی :  کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بھارت کے احتجاجی کسانوں کی حمایت کردی ،نئی دہلی انتظامیہ نے ٹروڈو کے بیان کو اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیدیا، دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہو گئے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے ویڈیو پیغام میں بھارتی کسانوں کی تحریک کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ صورت حال بہت تشویش ناک ہے ، بھارت سے کسانوں کے احتجاج کی آنیوالی خبروں پرہم سبھی اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے حوالے سے فکر مند ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ ایسے بہت سے لوگ ہیں۔ میں آپ کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ کینیڈا پرامن احتجاج کرنے کے حق کے دفاع میں کھڑا ہے ۔ ہم مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں اوراسی لیے ہم نے بھارتی حکام کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیاہے ۔اس سے قبل کینیڈین وزیر دفاع ہرجیت سنگھ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہاتھا کہ بھارت میں پرامن مظاہرین کے خلاف طاقت کااستعمال پریشان کن ہے ۔انہوں نے ٹویٹ کیاتھا کہ صحت مند جمہوریت پرامن مظاہروں کی اجازت دیتی ہے ،ہم اس بنیادی حق کی حفاظت کی اپیل کرتے ہیں۔ادھر بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ سریواستوا نے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے بیان کوغیرضروری اوردوسرے ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے بھارت میں کسانوں سے متعلق کینیڈین رہنماؤں کے کم علمی پر مبنی تبصرے دیکھے ہیں۔ اس طرح کے تبصرے غیر ضروری ہیں خاص طورپر اس وقت جب یہ کسی جمہوری ملک کے داخلی معاملات کے سلسلے میں ہوں۔ انہوں نے مزید کہا یہ زیادہ بہتر ہے کہ سفارتی مذاکرات کا سیاسی مقاصد کے لیے غلط استعمال نہیں ہونا چاہئے ۔این ڈی ٹی وی کے مطابق بھارت کے احتجاجی کسانوں نے زرعی اصلاحات پر اختلافات کے حل کیلئے کمیٹی کے قیام کی مرکزی حکومت کی تجویز مسترد کر دی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کسانوں کے نمائندوں کیساتھ مذاکرات میں تین مرکزی وزرا شریک ہوئے ۔ کسانوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات منظور نہ کئے گئے تو احتجاج جاری رہے گا۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.