وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر مریم بی بی کو باہر جانے کی اجازت دے دی جائے تو ابھی ساری پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) ختم ہو سکتی ہے۔
راولپنڈی میں یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کو ہم سلام پیش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی تاریخ لکھے گا تو کشمیر کی جدوجہد آزادی میں لال حویلی میں لال حویلی کا ایک کردار ہے اور جب بھی پاکستان پر وقت آیا تو لال حویلی اپنی عظیم افواج کے قائد قمر جاوید باجوہ اور دوسرے لوگوں کے ساتھ مل کر اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر پاکستان کا دفاع کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں کے ساتھ ہندوستان میں جو سلوک کیا جا رہا ہے اور میں کشمیریوں کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ راولپنڈی شہر کا تعلق چاہے کسی پارٹی سے کیوں نہ ہو لیکن یہ غیرت مندوں کا شہر ہے اور کشمیر کی آزادی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔