سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا
عمران خان اور قومی احتساب بیورو کا شکریہ جن کی وجہ سے میرے والد کی جان کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔قاسم گیلانی کا ٹویٹ
:بلوچستان 24 ویب ڈیسک
اسلام آباد سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا.تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی میں بھی کورونا کی تصدیق ہو گئی ہے۔
یوسف رضا گیلانی کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا جس کی رپورٹ اب آئی ہے۔رپورٹ میں انہیں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔یوسف رضا گیلانی نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
یوسف رضا گیلانی کے بیٹے قاسم گیلانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے والد کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور قومی احتساب بیورو کا شکریہ جن کی وجہ سے میرے والد کی جان کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔یوسف رضا گیلانی کے بیٹے نے عوام سے اپنے والد کے لئے دعا کی اپیل کی جن میں زیادہ تعداد ن لیگ کے رہنماؤں کی ہے۔گذشتہ روز سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت نکلا۔
اب تک پاکستان کے کئی اراکین اسمبلی میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔پاکستان مسلم لیگ ن کے کئی سینیر رہنما وبائی مرض کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔ قبل ازیں 8 جون کو ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب اور ان کی والدہ طاہرہ اورنگزیب میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔
جس کے بعد ایک دن کے دوران وائرس کا شکار ہونے والے اراکین اسمبلی کی تعداد 7 ہوگئی تھی۔
بتایا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب، ان کی والدی طاہرہ اورنگزیب، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، طارق فضل چوہدری، تحریک انصاف کے رکن اسمبلی سید فیض الحسن، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ۔
ان تمام رہنماوں کو خود کو فوری قرنطینہ کر لیا ہے۔ اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر تعلیم سندھ سعید غنی، شہریار آفریدی، ابرار الحق اور دیگر کئی سیاسی رہنما اور اراکین اسمبلی میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔