سلمان خان نے سیٹ پر لڑکیوں کے کپڑوں سے متعلق کیا اُصول بنایا تھا؟ اداکارہ کا انکشاف

سلمان خان کی آنے والی فلم کسی کا بھائی کسی کی جان سے بالی وڈ میں قدم رکھنے والی اداکارہ پلک تیواری نے انکشاف کیا ہے کہ سلمان کی جانب سے فلم کے سیٹ پر لڑکیوں کے لباس سے متعلق کچھ اُصول ترتیب دیے گئے تھے۔

پلک تیواری بھارتی ٹیلی ویژن کی مشہور و معروف اداکارہ شوئیتا تیواری کی صاحبزادی ہیں جو جلد سلمان خان کی فلم میں ڈیبیو کرنے جارہی ہیں، البتہ اس سے قبل پلک تیواری گلوکار ہارڈی سندھو کے گانے ‘بجلی بجلی’ میں جلوہ گر ہوئی تھیں جس سے انہیں کافی پذیرائی ملی۔

یہ بھی پڑھیں
1 of 8,950

دلچسپ بات یہ ہے کہ کسی کا بھائی کسی کی جان سے قبل پلک سلمان خان کے ساتھ ان کی فلم ‘انتم’ میں بطور  اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کرچکی ہیں۔

حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں پلک تیواری نے انکشاف کیا کہ ‘جب میں سلمان خان کے ساتھ انتم میں کام کررہی تھی تو انہوں نے سیٹ پر لڑکیوں کے لباس سے متعلق کچھ اصول بنائے تھے، جن پر سختی سے عمل کروایا گیا’۔

اداکارہ نے کہا ‘سلمان خان نے اصول بنایا تھا کہ سیٹ پر کوئی لڑکی نامناسب لباس نہیں پہنے گی، نہ ہی ایسے کپڑے پہنے جائیں گے جس سے بہت زیادہ جسم ظاہر ہو’۔

پلک نے مزید کہا کہ وہ ایک روایت پسند انسان ہیں، ویسے تو لڑکیاں جو چاہے ان کے سیٹ پر پہن سکتی ہیں لیکن سلمان خان کو لگتا ہے کہ لڑکیوں کو ہمیشہ محفوظ رہنا چاہیے اور کوئی انہیں کسی قسم کا نقصان نہ پہنچا سکے۔

اداکارہ نے وضاحت دی کہ ایسا نہیں تھا کہ سلمان خان پابندیاں عائد کرتے تھے، وہ بس لڑکیوں کی حفاظت کے لیے ایسا کرتے تھے۔

انہوں نے ہنستے ہوئے مزید کہا کہ جب میں مکمل کپڑے پہن کر گھر سے نکلتی تو  والدہ شوئیتا تیواری حیران ہو کر  پوچھتی تھیں کہ یہ کپڑے پہن کر کہاں جارہی ہو؟ جس پر میں جواب دیتی کہ سلمان سر کا سیٹ ہے۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.