ماڈل و اداکارہ حمیمہ ملک نے مذہبی شخصیت کے ساتھ اپنی شادی کی خبریں پھیلانے والے سوشل میڈیا پیجز، بلاگرز اور شوبز ڈیجیٹل آؤٹ لیٹس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انہوں نے کوئی شادی نہیں کی۔
حمیمہ ملک نے انسٹاگرام پر اردو زبان میں کی گئی طویل پوسٹس میں اپنی شادی کی خبریں شائع کرنے والے بلاگرز اور سوشل میڈیا پیجز کو ییلو جرنلزم بھی قرار دیا۔
حمیمہ ملک نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ہر دوسرے مہینے ان کی شادی کسی نہ کسی شخصیت سے کرادی جا تی ہے اور یہ بات ان کے لیے اور ان کے خاندان کے لیے باعث شرم ہے۔
اداکارہ نے لکھا کہ اداکارائیں چاہتے ہوئے بھی ان معزز شخصیات کے ساتھ تصاویر شیئر نہیں کر سکتیں، جن کی وہ عزت کرتی ہیں، کیوں کہ کوئی بھی ایرا گیرا شخص یا بلاگر ان کی مذکورہ تصاویر کو اٹھا کر یہ دعویٰ کر دیتا ہے کہ اداکارہ نے شادی کرلی۔
انہوں نے اپنی شادی کی جعلی خبروں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کو اپیل کی کہ انہوں نے کوی شادی نہیں کی اور یہ کہ وہ جب بھی ایسا کوئی فیصلہ کریں گی تو اس کا خود ہی اعلان کریں گی۔
انہوں نے دوسری پوسٹ میں ان بلاگرز اور سوشل میڈیا پر افسوس کا اظہار کیا جنہوں نے اپنی ویوور شپ بڑھانے کے لیے ان سے متعلق غلط خبریں شائع کیں۔