رپورٹ: ندیم بابر مغل – سبی
Sibi میں وزیرِ اعظم Shehbaz Sharif کے وژن کے مطابق یوتھ روزگار پروگرام کے تحت سبی انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ یہ اقدام نوجوانوں کو ہنرمند بنانے اور انہیں باعزت روزگار کی راہ پر گامزن کرنے کی جانب ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

افتتاحی تقریب میں کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ تقریب میں ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امجد جاوید لاشاری، چیف ایگزیکٹو National Vocational and Technical Training Commission (NAVTTC) حاجی محمد حنیف رند، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حیات جمالی، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر NAVTTC سبی میر حبیب الرحمن رند، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر جعفرآباد سجاد رند، پی ایس کمشنر زیشان بشیر، بانی گرین سبی ملک خدا بخش دہپال، فارسٹ آفیسر اللہ وسایا ڈومکی، یو سی کونسلر سعید احمد سیلاچی سمیت معززینِ شہر اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
سینٹر میں 120 طلباء و طالبات کو سلائی کڑھائی، بیوٹیشن، موبائل ریپیرنگ اور کمپیوٹر کورسز کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جہاں انہیں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار اساتذہ کی زیرِ نگرانی چھ ماہ کی معیاری تربیت فراہم کی جائے گی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حیات جمالی، محمد حنیف رند اور میر حبیب الرحمن رند نے کمشنر سبی ڈویژن کو سینٹر کا تفصیلی دورہ کراتے ہوئے جدید سہولیات اور تربیتی نظام پر مکمل بریفنگ دی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی اور دیگر مقررین نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو ہنرمند بنانے اور انہیں معاشی طور پر خودمختار کرنے کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ NAVTTC کے تحت قائم کیا جانے والا یہ جدید ادارہ نوجوان مرد و خواتین کو سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں معیاری تربیت فراہم کرے گا، جس سے نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوتھ روزگار پروگرام کا مقصد باصلاحیت نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ فنی تعلیم دینا ہے تاکہ وہ ملکی معیشت میں فعال اور مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک بھر میں اس نوعیت کے مزید ادارے قائم کیے جائیں گے، تاکہ نوجوان نسل کو ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے اس منصوبے کو خطے کے لیے ایک روشن باب اور سنگِ میل قرار دیا۔
تقریب میں خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور بے روزگاری میں کمی آئے گی۔
تقریب کے اختتام پر کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے فارسٹ آفیسر اللہ وسایا اور دیگر شرکاء کے ہمراہ پودا لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا، جس سے ماحول دوستی اور سرسبز سبی کے عزم کی عملی تصویر بھی نمایاں ہوئی۔
یہ جدید تربیتی مرکز یقیناً سبی کے نوجوانوں کے لیے امید، خود اعتمادی اور روشن مستقبل کی علامت ثابت ہوگا۔