ڈیرہ مراد جمالی : جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری سے جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سپریم کونسل کے ممبر قائد نصیر آباد مولانا عبداللہ جتک نے ملاقات کی۔
ملاقات میں تنظیمی امور سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے ملکی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم شروع دن سے کہہ رہے ہیں کہ عمران خان خود اسرائیل کا ایجنٹ اور قادیانیوں کا سہولت کار ہے، آج ہماری ہر بات سچ ثابت ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری قیادت کے اقتدار میں آتے ہی ملکی سطح پر عوام کی فلاح وبہبود اور خوشحالی کا آغاز کرتے ہوئے کوئٹہ کراچی شاہراہ کے کام کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے جو وقت پر مکمل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ روزہ اطہرؐ پر جاکر شور شرابا اور غیر اخلاقی حرکت پر شرم نہیں آتی، انکے افکار و خیالات یہ ہیں کہ اسلامی تہذیب اور تمدن کو تباہ و برباد کیا جائے، عمران خان خود جب اسرائیل کا ایجنٹ ہے تو اسرائیل کا مائی باپ امریکہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کی خواہش ہی کہ انتخابی اصلاحات کرکے جلد الیکشن کرائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جہاں تک عمران خان کی دھمکیوں اور اعلانات کا تعلق ہے وہ ماضی میں کیا کیا اعلانات کرچکا اور ان پر کہاں تک عملدرآمد کیا گیا، ایک کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ گھر بنا کر دینے، ڈالر کی سطح ساٹھ روپے پر لانے اور پاکستان کی معیشت کو آسمان کی بلندیوں تک پہنچانے کی بات کی مگر چار سال کا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود اپنے ان اعلانات و وعدوں پر عملدرآمد نہ کرسکے، وہ جلسے کی بات کرتے ہیں جلسے ہم نے بھی کئے ہیں وہ بھی کررہے ہیں انکے جلسے نہیں جلسی ہے وہاں ناچ گانے اور اسی طرح ناٹک لگا کر بے راہ نوجوانوں کو اکٹھا کرتا ہے اس سے آگے اسکی کوئی حقیقت نہیں جہاں دس ہزار کرسیاں لگائی جاتی ہے میڈیا دکھاتا ہے کہ وہاں آدھی کرسیاں خالی رہ جاتی ہیں وہ اب اسلام آباد میں بیس لاکھ لوگ جمع کرنے کی بات کرتے ہیں وہ جھوٹ بولتا ہے اگر وہ دس ہزار لوگ جمع کرے تو میں سمجھتا ہوں بڑی بات ہے۔