وزیراعظم کا کے پی میں بارشوں سے متاثرہ افراد کیلئے امدادکا اعلان

0

وزیراعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے فی کس 20 لاکھ روپے امداد کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم نے بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں زخمی ہونے والوں کے لیے فی کس 5لاکھ روپے کا اعلان کیا جب کہ مکمل تباہ ہونے والے مکانات کی تعمیر کے لیے 7 لاکھ اور جزوی تباہ مکانات کی تعمیر کے لیے 3 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔

گورنر ہاؤس پشاور میں بارش کے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 23 فروری کو طوفانی بارش نے سب سے زیادہ تباہی خیبر پختونخوا میں کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بارشوں سے 40 لوگ جاں بحق ہوئے جن میں 27 بچے ہیں، اس سے زیادہ مصیبت کی گھڑی نہیں ہوسکتی، خلوص دل سے آپ سے اظہار تعزیت کرنے آیا ہوں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت سے مل کر مدد کے لیے جو ہوسکتا ہے وہ کریں گے، خیبرپختونخوا میں بارشوں اور برفباری سے زیادہ نقصان ہوا۔

وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت کوشاباش دیتاہوں، پی ڈی ایم اے، سیاسی لوگ اور مخیر افراد نے بھی ذمہ داریوں میں حصہ ڈالا۔

موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر 7 ملکوں میں شامل ہے، ملک موسمی تبدیلی کے نرغے میں آچکا ہے، اس کے لیے تیاری کرنی ہے، تیاری نہ کی تو آئندہ آنے والی نسلیں معاف نہیں کریں گی۔

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.