کراچی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے ایونٹس کیلنڈر کے کامیاب انعقاد پر شعبہ ہائی پرفارمنس کو سراہا ہے ۔ 30 ستمبر 2020 سے شروع ہونے والا ڈومیسٹک سیزن 21-2020 نیشنل ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ الیون سے شروع ہوا۔ سیزن کا اختتام 23 فروری 2021کو کھیلے گئے نیشنل انڈر 16 ون ڈے ٹورنامنٹ سے ہوا۔ چیئر مین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ 9 ایونٹس پر مشتمل 220 میچوں کا کامیاب انعقاد شعبہ ہائی پرفارمنس کا قابل قدر کارنامہ ہے ۔ احسان مانی نے کہا کہ سیزن کے کامیاب انعقاد کی وجہ سے تاریخ میں پہلی مرتبہ پی سی بی اب چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے پرنسپل سپانسر کے ساتھ معاہدوں کے قریب ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان معاہدوں سے حاصل ہونے والی تمام رقم کرکٹ پر خرچ ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سیزن نے نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا کئے ۔
You might also like